ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سابق میئر سمپت راج کے لئے کرناٹک تمل ناڈو سرحد پر تلاشی مہم

سابق میئر سمپت راج کے لئے کرناٹک تمل ناڈو سرحد پر تلاشی مہم

Fri, 06 Nov 2020 11:04:04    S.O. News Service

بنگلورو،6؍نومبر(ایس او نیوز) شہر کے ڈی جے ہلی اور کے جی ہلی تشدد کے سلسلہ میں پولیس کو مطلوب سابق میئر آر سمپت راج کی تلاش کے لئے شہر کی سی سی بی نے کرناٹک تمل ناڈو سرحد پر آنے والے ناگر ہولے جنگلات میں موجود مختلف ریسارٹوں میں تلاشی مہم چلائی۔

بتایا جاتا ہے کہ سی سی بی کو سمپت راج کے ناگرہولے کے ایک ریسارٹ میں مقیم ہونے کے بارے میں معتبر اطلاع ملنے کے بعد افسروں نے جمعرات کی صبح اس علاقہ میں موجود مختلف ریسارٹس اور ہوم اسٹے پر چھاپے مارے، لیکن یہاں بھی سمپت راج ان کے ہاتھ نہیں لگے۔ پولیس کو یہ اطلاع ملی تھی کہ سمپت راج اس کیس میں مطلوب ایک اور سابق کارپوریٹر اے آر ذاکر اور ان کے بھائی یاسر کے ساتھ ناگرہولے کے کسی ریسارٹ میں مقیم ہیں۔ اس کے بعد افسروں نے جمعرات کی صبح سویرے اس علاقے میں آنے والے متعدد ریسارٹوں پر چھاپے مارے، لیکن ان مقامات پر سمپت یا ذاکر کا کوئی سراغ نہیں ملا۔

سی سی بی افسروں نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ سمپت کے فرار ہونے کے پیچھے کچھ طاقتور لوگوں کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔ سی سی بی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ سمپت کے ساتھ ساتھ ذاکر اور یاسر کی بھی تلاش کی جا رہی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ دو بار سمپت راج پولیس کے ہاتھ لگتے لگتے بچ گئے۔ سمپت راج کا پتہ لگانے کے لئے پولیس نے تکنیکی مدد لینے کی کوشش کی، لیکن اس کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہو سکا، کیونکہ دو بار عین پولیس ٹیم کے سمپت کے ٹھکانے تک پہنچے سے قبل سمپت اور دیگر ساتھیوں نے راہ فرار اختیار کرلی۔

بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں سی سی بی کے جائنٹ کمشنر آف پولیس سندیپ پاٹل نے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کی اور اس میٹنگ میں ہدایت دی گئی ہے کہ جلد از جلد ان ملزمین کو گرفتارکرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔


Share: